واشنگٹن: عالمی بینک اور آئی ایم ایف نے اسحاق ڈار کو سال 2016ء کے لیے جنوبی ایشیا کا بہترین وزیر خزانہ قرار دیتے ہوئے ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی محمکہ برائے اطلاعات و نشریات سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عالمی بینک اور آئی ایم ایف نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو جنوبی ایشیاء کا بہترین وزیر خزانہ قرار دیتے ہوئے ایوارڈ دینے کا اعلان کردیا، یہ ایوارڈ انہیں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پر دیا جائے گا۔
لائن آف کنٹرول پر کشیدہ صورتحال اور جوائنٹ سیشن کے باعث اسحاق ڈار نے اپنا دورہ واشنگٹن مسنوخ کیا، سالانہ تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ کا ایوارڈ امریکا میں متعین سفیر جلیل عباس جیلانی وصول کریں گے۔
یاد رہے کہ اسحاق ڈار مسلم لیگ ن کے اقتدار میں آنے کے بعد سے وزیر خزانہ مقرر کیے گئے تھے، وہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے قرضوں کی ادائیگی اور حصول کے سلسلے میں مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔
حالیہ دنوں اسمبلی کے جوائنٹ سیشن کے موقع پر قائد حزب اختلاف سید خورشید علی شاہ نے حکمراں جماعت کو تجویز دی تھی کہ موجودہ صورتحال میں وزیر خارجہ کی عدم موجودگی کے باعث پاکستان دنیا میں تنہا ہوگیا ہے، حکومت کو اس خامی پر فوری قابو پانے کے لیے اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ تعینات کردینا چاہیے کیونکہ وہ بہت محنتی ہیں‘‘۔