اسلام آباد : سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نےعطاء الحق قاسمی سے تعلقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا سابق ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری میں کوئی کردار نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرخزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے عطاء الحق قاسمی کی تعیناتی سے متعلق سپریم کورٹ کوای میل کی ہے جس میں انہوں نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی سے تعلقات کی تردید کردی۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ عطاء الحق قاسمی کے لیے 18لاکھ تنخواہ مقررکی نہ کوئی کردارادا کیا، لاکھوں روپے تنخواہ مقرر کرنے والے سے جواب مانگا جائے۔
رجسٹرارسپریم کورٹ کوبھیجی گئی ای میل میں اسحاق ڈار نے موقف اختیار کیا ہے کہ بیماری کے باعث سپریم کورٹ میں پیش ہونے سے قاصر ہوں۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے 9 جولائی کو سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کو عدالت میں 3 روز میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ اسحاق ڈار مفرور ہیں، وہ نہیں آتے تو انٹر پول کے ذریعے انہیں واپس لایا جائے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے دوران سماعت ریمارکس دیے تھے کہ نواز شریف اور مریم نواز کوسزا دی وہ پھر بھی واپس آ رہے ہیں۔
ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس کا فیصلہ محفوظ
واضح رہے کہ رواں سال 26 فروری کوعطاء الحق قاسمی کی بطورایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔