نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ انڈس واٹر معاہدہ خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
سندھ طاس معاہدہ کے معاملے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں وزارئے قانون، آبی وسائل، اٹارنی جنرل، سینئر حکام، ماہرین نے شرکت کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ انڈس واٹر معاہدہ خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے، اس کی حرمت کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے حصے کے پانی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا، انڈس واٹر معاہدے کو معطل کرنا بھارت کا یکطرفہ اور غیرقانونی اقدام ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی اقدام عالمی قوانین، ریاستی تعلقات کے اصولوں، معاہدے کی خلاف ورزی ہے، دریائے سندھ کا پانی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی زندگی کا ذریعہ ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی بھارتی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان انڈس واٹرمعاہدے پرمکمل عملدرآمد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھےگا، پاکستان اپنے پانی کے حقوق اورعوام کی فلاح کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔