اسلام آباد : وزیر خارجہ اسحاق ڈار اہم دورے پر چین روانہ ہوگئے ، دورے میں جنوبی ایشیا کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام پر بات ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی سے پیدا صورتحال پر مشاورت کے لیے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین روانہ ہوگئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا اسحاق ڈار چین کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے، دورے میں نائب وزیراعظم کی بیجنگ میں چینی وزیرخارجہ وانگ ژی سے ملاقات ہوگی۔
وزرائے خارجہ اورکمیونسٹ پارٹی سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پربات ہوگی ساتھ ہی اہم علاقائی پیش رفت اور دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بھی گفتگو ہوگی۔
وزیر خارجہ کے دورے میں جنوبی ایشیا کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام پر بات ہوگی۔
مزید پڑھیں : بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ہے ، اسحاق ڈار
دورہ چین کے دوران پاک چین دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا جائے گا اور علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا اسحاق ڈار کا دورہ پاک چین اعلیٰ سطح روابط کا تسلسل ہے، اس سے اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
ذرائع کے مطابق افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کل چین پہنچیں گے۔۔ ذرائع کا کہنا ہے پاکستان، چین اور افغان وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی بیجنگ میں متوقع ہے۔