اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کے بل پر قومی اسمبلی میں رائے شماری منگل کو کی جائے گی، آئینی ترمیم اور آرمی ایکٹ میں مزید ترامیم کی گئی ہیں جس کا بل پیر کو اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پارلیمانی رہنماؤں کے اتفاق رائے کے بعد فوجی عدالتوں کے بل میں ترمیم کر کے اُسے پیر کے روز ایوان میں پیش کیا جائے گا اور اس پر بحث بھی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے لیے قرار داد بھی پیر کے روز اسمبلی میں پیش کی جائے گی، جبکہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منگل کے روز ہوگا جس کی صدار ت وزیراعظم خود کریں گے۔
وفاقی وزیر نے مزیدکہا کہ پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں قومی سلامتی کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی رہنما کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔