اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں مصنوعی اضافے میں ملوث لوگوں کے خلاف حکومت کارروائی کرے گی۔
یہ بات وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایک ہنگامی اجلاس میں کہی، انہوں نے کہا کہ انٹربینک مارکیٹ میں کچھ بینکوں، سرمایہ کاروں نے ڈالرز کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کیا یہ لوگ غیریقینی صورت حال سے فائدہ اُٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اس لیے حکومت جولوگ ملوث ہیں ان کے خلاف حکومت کارروائی کرے گی۔
وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ڈالرکی قیمت میں مصنوعی اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قومی بینکوں کے صدور کا اہم اجلاس طلب کرلیا جو کل صبح 11 بجے منعقد ہوگا۔
*ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ، اسحاق ڈار حرکت میں آگئے
دوسری جانب روپے کی قدر میں کمی پراسٹیٹ بینک میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں ڈالرکی قدرمیں غیرمعمولی اضافے پر اسٹیٹ بینک نے وزیر خزانہ سے عدم اتفاق کرتے ہوئے موقف اختیار کیا انٹربینک میں روپے ڈالر کے ایکسچینج ریٹ میں 3.1 فیصد تبدیلی ہوئی جس کے باعث ڈالر 104.90 روپے سے بڑھ کر 108.25 روپے کا ہوگیا ہے۔
تاہم اسٹیٹ بینک نے روپے کی قدر میں کمی کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیرونی کھاتے کا خسارہ بڑھنے سے ایکسچینج ریٹ میں کمی ہوئی اور ایکسچینج ریٹ میں کمی بیرونی کھاتے میں عدم توازن کو کم کرے گی چنانچہ موجودہ ایکسچینج ریٹ معاشی صورت حال سے ہم آہنگ ہے۔