اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی۔
سماعت میں گواہ واصف حسین دوسری بار احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ واصف حسین کا تعلق کیبنٹ ڈویژن سے ہے۔
استغاثہ کے گواہ واصف حسین نے 11 نوٹیفیکیشن عدالت میں جمع کروا دیے جبکہ اپائنٹ منٹس سے متعلق تمام آرڈرز بھی احتساب عدالت میں جمع کروا دیے گئے۔
واصف حسین نیب عدالت میں پہلی بار 23 اگست2017 کو پیش ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں سماعت میں گواہ اشتیاق احمد کا بیان بھی قلمبند کیا گیا جبکہ ملزم سعید احمد کو عدالت سے جانے کی اجازت مل گئی۔
اسحٰق ڈار کے خلاف ریفرنس کی مزید سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی گئی۔
خیال رہے کہ اسحٰق ڈار ایون فیلڈ ریفرنس میں بھی مفرور ملزم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ چند روز قبل نیب نے انہیں واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کیے تھے۔
علاوہ ازیں انہیں ایم ڈی پاکستان ٹیلی ویژن تعیناتی کیس میں بھی مفرور قرار دیا جا چکا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔