جمعہ, اپریل 25, 2025
اشتہار

کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو ماضی جیسا جواب دیں گے، اسحاق ڈار کا بھارت کو پیغام

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھارت کو پیغام میں کہا میلی آنکھ سے دیکھا تو ماضی جیسا جواب دیں گے، بھارت وہ غلطی نہ کرے جس سے خطے کا امن خراب ہونا۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعہ پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا افسوسناک ہے، متفقہ قرارداد تیار کی گئی ہے، پورے ہاؤس کی طرف سے پیش کروں گا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعہ ہوا تو وزیراعظم انقرہ میں تھے، میں بھی ان کے ساتھ موجود تھا، میں وزارت خارجہ سے رابطے میں تھا، نریندر مودی سعودیہ کے دورے سے واپس بھارت پہنچے اور میٹنگ کال کی اس کے بعد عجیب قسم کے اقدامات کئے، پاکستان کیخلاف اقدامات کا مطلب ہے بھارت پاکستان پر الزام لگا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے انڈس واٹر ٹی ٹی کے تحت سندھ طاس معاہدہ معطل کردیا، ٹی ٹی میں لکھا ہے اگر معاہدہ ختم کرنا ہے تو اتفاق رائے سے ہوگا، 3،2 سال سے بھارت کی طرف سے ٹی ٹی پرخط وکتابت ہورہی ہے لیکن بھارت نے یکطرفہ طورپر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، اب تو کہا جاتا ہے دنیا میں اگلی جنگیں پانی پر ہی ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی لائف لائن ہے، یہ ایسی ٹریٹی ہے جس کیلئے پاکستان نے اپنے دو دریا چھوڑ دیے، ہم بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو جنگ سمجھتے ہیں قومی سلامتی کمیٹی نے کہا کسی قیمت پر پانی کا بند کرنا قابل قبول نہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پانی کا بند کرنا ایک جنگ کی طرح ہے اور ہم اسی طرح لے رہے ہیں، ہم نےفیصلہ کیا کہ ہم بھی شملہ و دیگر معاہدے معطل کریں گے ، بھارت نے اٹاری بند کیا ہم نے واہگہ بارڈر بند کرنے کا فیصلہ کیا تاہم جو لوگ بھارت سے پاکستان آئے ہوئے ہیں وہ 30 اپریل تک واپس چلے جائیں۔

انھوں نے بتایا کہ سارک ویزا کے تحت تمام ویزے معطل کردیے گئے ہیں تاہم سکھ یاتری اگر آنا چاہیں تو انہیں نہیں روکا جائے گا لیکن وہ بھارتی شہری جوسارک ویزے پر پاکستان میں ہے 48 گھنٹے میں نکل جائے، اس کے ساتھ پاکستان نے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود بند کردی ہے، پاکستان کے ذریعے تیسرے ملک کیلئے بھارت کی تجارت معطل کردی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارتی دفاعی اور ایئر ایڈوائزر کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا کہا ہے اور بھارت ہمارے ہائی کمیشن عملے کی تعداد 30 پر لایا، ہم نے بھی کم کرکے 30 کردی ہے ، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہم تیار ہیں۔

اسحاق ڈار نے خبردار کیا کہ اللہ نےپاکستان کوایٹمی قوت بنایاہے ہم تیارہیں، پاکستان کی فورسز پوری طرح تیار ہیں، کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو ماضی کی طرح جواب ملےگا، بھارت وہ غلطی نہ کرے جس سے خطے کا امن خراب ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب ایک پیج پر ہیں میں تمام جماعتوں کا مشکور ہوں، لیڈر آف اپوزیشن نے ہمارے ڈرافٹ کو کھلے دل سے تسلیم کیا، ڈپلومیٹک موومنٹ جاری ہیں، 26 ممالک کو فارن سیکریٹری نے بریفنگ دی، مجھے پیغام ملا سعودی وزیر خارجہ مجھ سے بات کرنا چاہتے ہیں ، سعودی وزیر خارجہ سے ساڑھے 7 بجے کا وقت طے ہوا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں