تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

اسحٰق ڈار کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیا گیا

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیا۔ وہ اس وقت لندن میں موجود ہیں اور اب برطانیہ سے باہر نہیں جاسکتے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور ان کی اہلیہ کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیا۔

اٹارنی جنرل آفس نے پاسپورٹ منسوخی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی۔ ڈائریکٹوریٹ پاسپورٹ نے اسحٰق ڈار کا عام پاسپورٹ بھی بلیک لسٹ میں ڈال دیا۔

اسحٰق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت گیارہ ستمبر کو ہوگی۔

خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اس وقت کئی مقدمات میں عدالت کو مطلوب ہیں۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے ایم ڈی تقرری کیس میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسحٰق ڈار کو وطن واپسی کی ہدایت دے رکھی ہے۔

کیس سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطا الحق قاسمی کی ماہانہ 15 لاکھ تنخواہ سے متعلق ہے جس میں اسحٰق ڈار بھی ملوث ہیں۔ چیف جسٹس نے مذکورہ کیس قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھجوانے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

سابق سیکریٹری خزانہ وقار مسعود نے عدالت میں کہا تھا کہ عطا الحق قاسمی کی ماہانہ 15 لاکھ تنخواہ پر میں نے اعتراض اٹھایا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ 27 کروڑ روپے کا منظور شدہ پیکج سے کوئی تعلق نہیں، 27 کروڑ کے بجائے 54 ملین کا کل پیکج ہے۔ 27 کروڑ کے پیکج میں دیگر چیزیں بھی شامل کی گئی ہوں گی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ فواد حسن فواد کہتے تھے وزیر اعظم سیکریٹریٹ کا کوئی لینا دینا نہیں، مقدمہ مزید تحقیقات کا تقاضا کرتا ہے۔

اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس بھی زیر سماعت ہے جس میں استغاثہ کے گواہان کے دلائل اور ان پر جرح جاری ہے۔

26 فروری کو نیب نے اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا جس میں نیشنل بینک کے سابق صدر سعید احمد خان سمیت 3 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔

احتساب عدالت میں اسحٰق ڈارکے خلاف ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ نے انکشاف کیا تھا کہ سابق وزیرخزانہ کی دولت میں 16 سال کے دوران 91 گنا اضافہ ہوا۔

Comments

- Advertisement -