کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے شکریہ پاکستان مہم کے تحت پاکستان کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے آغاز کا اعلان کردیا، ایونٹ کےتمام میچز اے آر وائی میوزک پر نشر کیے جارہے ہیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کی کاوشیں رنگ لے آئیں، جشن آزادی کا رنگ کھیلوں میں چھلکنے لگا، کراچی میں ہاکی کا میلہ شروع ہوگیا، ایونٹ میں نائن اے سائیڈ کے مقابلوں میں آٹھ ٹیمیں شریک ہیں، شیڈیول کے مطابق روزانہ دو میچ ہوں گے اور فائنل چودہ اگست کو ہوگا، تمام میچز اے آر وائی میوزک پر برہ راست نشر ہو رہے ہیں۔
افتتاح کے موقع پر گورنر سندھ نے ہاکی کلب آف پاکستان کو عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا، گورنر سندھ نے قومی کاموں میں اے آر وائی نیٹ ورک کی کوششوں کو سراہا۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ جشن آزادی بھرپور طریقے سے مناکر پوری دنیا کو بتائیں گے کہ زندہ قومیں کس طرح آزادی کا جشن مناتی ہیں۔
گورنر سندھ نے پینتیس لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا، جیتنے والی ٹیم کو بیس لاکھ، رنرز اپ ٹیم کو دس لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو پانچ لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
شکریہ پاکستان مہم کے تحت پاکستان کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز دو میچ کھیلے گئے، جس میں پی آئی اے اور کسٹمز نے کامیابی حاصل کی۔
افتتاحی میچ میں پی آئی اے نے واپڈا کے خلاف تین کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی، فاتح ٹیم کے محمد زبیر نے دو اور شفقت رسول نے ایک گول کیا، واپڈا کی جانب سے عرفان جونئیر اور تصور عباس نے گول کیے۔
دوسرے میچ میں کسٹمز نے پی ڈی ایس کلر کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے زیر کیا، کسٹمز کے طرف سے محمد عابد اور محمد عامر نے گول کیے، پی ڈی ایس کا واحد گول محمد نوید نے کیا۔
ایونٹ میں کل بھی دو میچ ہوں گے پہلا میچ نیشنل بینک اور سوئی گیس کے درمیان ہوگا، دوسرے میچ میں ائیرفورس اور پی ڈی ایس وائٹ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔