تازہ ترین

لیبیا : داعش کے لیے کام کرنے والے 23 افراد کو سزائے موت

تیونس : لیبیا میں داعش کے لیے کام کرنے والے23 افراد کو سزائے موت اور چودہ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عدالتی حکم نامے کے مطابق مذکورہ تمام ملزمان سال2015میں متعدد افراد کے قتل میں ملوث پائے گئے ہیں، لیبیا کی ایک عدالت نےان افراد کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ گروپ میں شامل ہونے اور اس کے نام پر مظالم ڈھانے کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزائیں سنائیں۔

باغیوں کے ایک گروپ نے 2015 میں طرابلس کے ایک ہوٹل میں مقیم غیرملکیوں پر حملہ کرکے قتل کرنے کے بعد ان کے سر قلم کردیئے تھے اور سیرت شہر پر قبضہ بھی کیا تھا۔ بعد ازاں ریاست کے خلاف بغاوت کرنے والوں کو گرفتار کرکے مقدمہ چلایا گیا۔

خیال رہے کہ طرابلس کے مذکورہ ہوٹل میں نہ صرف غیر ملکی کمپنیوں کے دفاتر واقع ہیں وہیں شہر میں موجود زیادہ تر غیر ملکی اسی ہوٹل میں قیام کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں غیر ملکی سفارتکاروں اور سرکاری حکام کی آمد بھی باقاعدگی سے ہوتی ہے۔

الوسط اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کچھ ملزمان شام، تیونس اور سوڈان سے لیبیا آئے تھے، تمام جنگجوؤں کو 2016 کے آخر میں بین الاقوامی اتحادی افواج کے آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

Comments

- Advertisement -