کراچی : ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ نے داعش سے منسلک خطرناک دہشت گرد گرفتار کرلیا ، دہشتگرد سوشل میڈیا پر داعش کے لیے ذہن سازی کرتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں دہشتگردوں کیخلاف گھیرا تنگ ہوتا جارہا ہے ، کراچی میں ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ نے داعش کا خطرناک دہشت گرد گرفتارکرلیا۔
گرفتار دہشت گرد کا نام عمران عرف سیف الاسلام خلافتی ہے اور وہ سوشل میڈیا پر داعش کے لیے ذہن سازی سازی کرتا تھا، ملزم سے داعش کا جھنڈا، لیپ ٹاپ اور دیگر آلات برآمد ہوئے۔
حکام کے مطابق دہشت گردوں نے سوشل میڈیا پر 50 سے زائد پیچز بنا رکھے تھے، جن کے ذریعے وہ لوگوں کو داعش میں شمولیت سے متعلق ترغیب دیتے تھے۔
مزید پڑھیں : ملزم خلیل الرحمان کا داعش سے تعلق کا اعتراف
یاد رہے گذشتہ سال کراچی سے ہی ایک دہشت گرد خلیل الرحمان کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزم سے داعش کے جھنڈے، لٹریچر اور اسلحہ برآمد ہوا جبکہ ملزم افضل خان کے نام سے سوشل میڈیا پر داعش کو فروغ دے رہا تھا۔
دہشت گرد خلیل الرحمان نے عدالت میں داعش سے تعلق کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ داعش ارکان سوشل میڈیا کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں۔
خیال رہے کراچی سینٹرل جیل میں کالعدم شدت پسند تنظیم داعش کے لیے بھرتیوں کا انکشاف سامنے آیا تھا، جس کے مطابق جیل میں کالعدم تنظیموں کے کارکنان کو داعش میں بھرتی کیا گیا اور یہ کام گزشتہ 2 سال سے جاری تھا۔
حساس اداروں کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سینٹرل جیل سے 30 افراد کو داعش میں بھرتی کیا گیا جبکہ داعش کا حصہ بننے والے ملزمان 12 ملزمان ضمانت پر بھی رہا ہوچکے ہیں۔