اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

راولپنڈی: سی ٹی ڈی کی کارروائی، داعش کا کارکن ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: راولپنڈی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی کارروائی کے دوران مبینہ طور پر داعش کا ایک کارکن ہلاک ہوگیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کا دوسرا ساتھی کارروائی کے دوران فرار ہونے میں کامیاب رہا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ملزمان نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر دستی بموں سے حملہ بھی کیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جو مبینہ طور پر داعش کا کارکن بتایا جاتا ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت احسن ستی کے نام سے ہوئی۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ایک اور مشتبہ شخص جس کا نام عمران ستی بتایا جاتا ہے، کارروائی کے دوران فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ ملزمان سے اسلحہ اور بم بنانے کا سامان بھی برآمد ہوا۔

واضح رہے کہ سی ٹی ڈی نے کل بھی لاہور میں کارروائی کے دوران داعش کے 8 دہشتگردوں کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ملزمان میں سے ایک نبیل ابو عبداللہ پنجاب میں داعش کے نیٹ ورک کا کمانڈر بتایا گیا۔

دوسری جانب ملک بھر سے داعش کے دہشت گردوں کی گرفتاری اور ہلاکتوں کی اطلاعات کے باوجود حکومتی سطح پر پاکستان میں داعش کی موجودگی سے انکار کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ 2 ماہ کے دوران کوئٹہ میں ہونے والے بدترین حملوں جن میں سول اسپتال میں وکلا کی موجودگی کے دوران بم دھماکہ، پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ اور حب میں شاہ نوارنی کے مزار پر ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری داعش کی جانب سے قبول کی گئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں