اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت میں پھل فروش خاتون کے شیرخوار بچے کو بازیاب کراکر ایک عورت سمیت 2 اغوا کاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پھلوں کی ریڑھی لگانے والی خاتون کے شیرخوار بچے کو بازیاب کرالیا گیا۔
پولیس نے اغواء میں ملوث ایک خاتون سمیت دوملزمان کو بھی گرفتار کرلیا، خاتون ایف سکس میں پھلوں کی ریڑھی لگاتی ہے اور اس کے ساتھ سات ماہ کا بیٹا بھی ہوتا ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس میں 31 اگست کو گاڑی میں سوار ملزمان نے خاتون کا بچہ اغواء کیا تھا۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے وقوعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے بچے کی فوری بازیابی کے احکامات دیئے۔
ڈی آئی جی ڈاکٹر سید مصطفیٰ تنویر کی زیرنگرانی آر ڈی یو کی دس ٹیموں نے تمام تروسائل استعمال کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کرایا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی اور بچہ قانونی کارروائی کے بعد والدہ کے حوالے کردیا۔
ڈی آئی جی ڈاکٹر سید مصطفیٰ تنویر، ایس ایس پی آپریشنز ارسلان شاہزیب نے بچے کی والدہ سے ملاقات کی، بچے کی والدہ نے اسلام آباد پولیس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
ایس ایس پی آپریشن ارسلان شاہ زیب کا کہنا تھا کہ پولیس نے چار روز کے اندر اندر بچے کو برما ٹاؤن سے برآمد کیا، جو ایک قابل تحسین اقدام ہے۔