اسلام آباد : ایف آئی اے اہلکار کی خواتین مسافروں سے بدتمیزی اورتشدد پر وزیرداخلہ نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر ہونے والے واقعے میں ملوث اہلکاروں کی معطلی کا حکم دیدیا، ڈائریکٹر ایف آئی اے کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر ایف آئی اے اہلکار کے ویڈیو بنانے پر خواتین مسافر سراپا احتجاج بن گئیں، جس پر ایف آئی اے اہلکار آپے سے باہر ہوگئی اور ایک خاتون مسافر پر خاتون اہلکار نے بہیمانہ تشدد کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون مسافر کے شور کرنے پر ایف آئی اے کی خاتون اہلکار غصے سے پاگل ہوگئی اور ماں بیٹی مسافر خواتین کو کو بیدردی سےبالوں سےجکڑ کرتھپڑ مار رہی ہے۔
بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا لاؤنج بےبس و لاچار خواتین مسافروں کی چیخوں سےگونجتارہا، خاتون ایف آئی اے اہلکار کو کسی نے روکنے کی کوشش کی نہیں، سب خاموش تماشائی بنے رہے۔
میڈیا پر ویڈیو نشر ہونے کے بعد ایف آئی اے حکام حرکت میں آگئے، ڈی جی ایف آئی اے نے ایئرپورٹ پر مسافرخواتین پرتشدد کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے غزالہ نامی خاتون اہلکار کو معطل کردیا۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے متعلقہ اہلکاروں کی فوری معطلی کاحکم دیتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف کارروائی میں تاخیر پر ایف آئی اے حکام کی سرزنش اوران سےجواب طلب کرلیا ہے۔