اسلام آباد : ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں مالیت کی ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کی اور ہیروئن اسمگلنگ میں ملوث مسافر کو حراست میں لےلیا، ملزم کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرلی۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق حامد خان ولد مومن خان نامی مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے 287کے ذریعے اسلام آباد سے دوحہ جارہا تھا اس دوران عملے نے اس کی مشکوک حرکات پر اسے روکا۔
مسافر کے سامان کی تلاشی لی گئی تو انکشاف ہوا کہ مسافر نے انتہائی مہارت کے ساتھ ٹرالی بیگ میں ہیروئن چھپا کر رکھی ہوئی تھی جسے
فوری پر عملے نے قبضے میں لے لیا۔
ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ مسافر کے سامان سے دو کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد ہوئی ہے جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔
مسافر حامد خان ولد مومن خان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی اور مزید قانونی کارروائی کیلئے ملزم کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا گیا ہے۔