اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں واقعہ پمز اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے مریض جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پمز ملازمین کے احتجاج کے باعث عمر آفتاب جان کی بازی ہار گیا، عمر آفتاب کو گزشتہ صبح ساڑھے گیارہ بجے پمز لایا گیا تھا، ایمرجنسی میں ڈٰیوٹی ڈاکٹر نے ہڑتال کا کہہ کر علاج سے انکار کردیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق عدم علاج پر عمر آفتاب کے اہلخانہ اسے واپس گھر لے گئے تھے، طبیعت بگڑنے پر عمر کو گزشتہ رات تین بجے دوبارہ پمز منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ مریض اسپتال منتقلی کے وقت دم توڑ چکا تھا، سربراہ پمز اسپتال ڈاکٹر الطاف کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق عمر آفتاب کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔
سربراہ پمز اسپتال ڈاکٹر الطاف نے تحقیقات کا حکم دے دیا، واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی چوبیس گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔
یہ پڑھیں: ایبٹ آباد: ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث 6 روز میں 76 مریض جاں بحق
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں واقع ایوب میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث 6 روز میں 76 مریض دم توڑ گئے تھے۔