اسلام آباد : لاہور میں دھرنے پر بیٹھے تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹرآصف اشرف جلالی نے کہا ہے کہ ہمارا اسلام آباد دھرنے والوں سے کوئی تعلق نہیں، ان کی تنظیم الگ اور ہماری تنظیم بالکل الگ ہے، معاہدہ خادم حسین رضوی سے ہواہے ہم سے نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹرآصف اشرف جلالی کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو معاہدہ کیا، اس پر ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، زاہد حامد استعفٰی دے سکتے ہیں تو وزیر قانون پنجاب رانا ثناء کیوں نہیں دے سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت اورخادم حسین رضوی کی جماعت الگ الگ ہے، تحریک لبیک والے اسلام آباد میں لاشیں گرا کر آگئے، انہوں نے اپنے جاں بحق کارکنوں کا بھی نہیں پوچھا۔
ڈاکٹرآصف اشرف جلالی کا مزید کہنا تھا کہ معاہدے میں ہے کہ رانا ثناءاللہ پیش ہوں گے لیکن وہ اب تک پیش نہیں ہوئے، حکومت نے اب تک رانا ثناءاللہ سے متعلق کوئی وضاحت بھی نہیں دی۔
ہم وزیر قانون پنجاب کے استعفے تک دھرنے پر بیٹھے رہیں گے،انہوں نے کہا کہ پیرافضل قادری کو مناظرے کا چیلنج دیتا ہوں۔