ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

اسلام آباد دھرنا : ڈیڈ لائن ختم، انتظامیہ تا حال کوئی کارروائی نہ کرسکی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : دس روز سے اسلام آباد میں موجود دھرنے کے شرکاء کو ہٹانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، تین گھنٹے گزرنے کے باوجود انتظامیہ کوئی اقدام نہ کرسکی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھرنا دیئے بیٹھے مذہبی جماعت کے رہنماؤں اور کارکنان کو ہٹانے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم صادر کیا تھا لیکن ڈیڈ لائن کو گزرے تین گھنٹے سے زائد وقت گزر چکا ہے.

آخری اطلاعات تک انتطامیہ کی جانب سے کوئی پیش رفت نہیں کی گئی ہے، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز کی درخواست پررینجرز کو طلب کیا گیا ہے.

ڈپٹی کمشنر نے رینجرز کے سیکٹر کمانڈر سے نفری طلب کرلی، آپریشن کیلئے رینجرز کے ایک ہزار اہلکار پولیس کی معاونت کریں گے، رینجرز کو پولیس اورایف سی کے ہمراہ مختلف مقامات پرتعینات کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے کچھ داخلی راستے کنٹینرز سے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ آئی ایٹ اور فیض آباد کے اطراف کے مکینوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ضلعی انتظامیہ دھرنے کو کرکٹ میچ کی طرح دیکھ رہی ہے۔ مجسٹریٹ حکومتی رٹ قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

سماعت کے دوران ڈی سی اسلام آباد نے بتایا کہ دھرنے والوں نے پتھرجمع کیے ہوئےہیں، دس سے بارہ ہتھیار بھی ہیں۔ جسٹس شوکت نے کہا کہ آپ سیانے ہوتے تو انہیں روات سے آگے آنے ہی نہ دیتے۔

دھرنے سے اسلام آباد کے مکینوں کے حقوق سلب ہوئے ہیں ہر حال میں دس بجے تک تمام راستوں سے رکاوٹیں دور کی جائیں۔ دس روز سے اسلام آباد یرغمال بنا ہوا ہے، اب مزید برداشت نہیں ہوگا، فیض آباد پر بیٹھے دھرنے والے خود نہ اٹھے تو انہیں اٹھایا جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں