تازہ ترین

لاہور ہائی کورٹ‌: عمران خان کی9مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور

لاہور : پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو عدالت سے مجموعی طور پر نو مقدمات میں حفاظتی ضمانت مل گئی، جس میں اسلام آباد، لاہور اور سرور روڈ کیس کے مقدمات شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی8مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی، ان مقدمات میں اسلام آباد میں درج کیے جانے والے 5 مقدمات میں 24مارچ تک اور لاہورمیں درج 3مقدمات میں 27 مارچ تک حفاظتی ضمانت دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ معزز عدالت نے تھانہ سرور روڈ کیس میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت 27 مارچ تک منظورکرلی، تھانہ ریس کورس کیس میں سماعت کے موقع پر جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں دوران سماعت عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ آپ کی وجہ سےامن وامان کا مسئلہ حل ہوا، ہم حفاظتی ضمانت چاہتے ہیں تاکہ متعلقہ عدالت پہنچ سکیں۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آر پی اوز کو تفصیلات کیلئے خط لکھا ہے، ابھی تک کوئی تفصیلات مقدمات کیلئے سامنے نہیں آئیں۔

لاہورہائی کورٹ میں عمران خان کی مجموعی طور پر9مقدمات میں حفاظتی ضمانتیں منظور کی گئی ہیں، لاہور کے مقدمات میں10دن کیلئے جبکہ اسلام آباد کے مقدمات میں آئندہ جمعہ تک حفاظتی ضمانتیں منظور کی گئیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ظل شاہ کیس میں27مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی، وکیل عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک متعلقہ تفصیلات عدالت نہ پہنچیں یہ تادیبی کارروائی نہ کریں۔

عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ کل صبح پتہ چلے گا کہ کوئی اور مقدمہ درج ہے پھر کیا ہوگا؟ آپ نے مقدمات کا ریکارڈ کیوں پیش نہیں کیا؟ جس کے جواب میں سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے لیٹر لکھ دیا ہے ریکارڈ کا معاملہ ہے اسے جمع کرنے میں وقت لگتا ہے۔

عدالت نے سرکاری وکیل سے دریافت کیا کہ بتائیں اسلام آباد میں مجموعی طور پر کتنے مقدمات درج ہیں؟ جس پر ان کا جواب تھا کہ میں تصدیق کرکے عدالت کو آگاہ کردوں گا۔

لاہورہائی کورٹ میں زمان پارک آپریشن کیس کی سماعت شروع ہوئی تو وکیل عمران خان خواجہ طارق نے کہا کہ زمان پارک میں مسئلہ اسی لیے بنا کیونکہ پوری فورس پہنچ گئی تھی، اگر کوئی پولیس افسر کسی تفتیش کے لیے زمان پارک جانا چاہتا ہے تو جائے، ایس ایس پی اگر تفتیش کے لیے جائے تو ساتھ پوری فورس لے کر نہ جائے۔

عدالت نے پولیس کو عمران خان کیخلاف کارروائی سے روک دیا

عدالت نے عمران خان کیخلاف پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات منگل تک طلب کرلیں اور پولیس کو عمران خان کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پولیس کو تفتیش کرنے سے روکے تو یہ بذات خود ایک جرم ہے، جس کے جواب میں وکیل خواجہ طارق نے کہا کہ ہم ان کو روک نہیں رہے بلکہ معاونت کرنا چاہتے ہیں، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ تفتیش کے نام پر عمران خان کے گھر درجنوں اہلکار گھس جائیں، ان کے گھر صرف تفتیشی ٹیم جائے تو کوئی مسئلہ نہیں۔

لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کی جانب سے عمران خان سے تفتیش کیلئے زمان پارک جانے اور تفتیش مکمل کرنے کی اجازت کی درخواست منظور کرلی، عدالت نے کہا کہ پولیس قانون کے مطابق اپنی تفتیش کرسکتی ہے، وکیل عمران خان نے کہا کہ پولیس والے پوری فورس لے کر ساتھ نہ جائیں، دو سے3لوگ جائیں اوراپنی انویسٹی گیشن مکمل کرلیں۔

Comments

- Advertisement -
عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں