اسلام آباد: قومی احتساب بیورو اسلام آباد میں رہائشی منصوبوں میں غبن کے متاثرین میں رقوم واپسی کردی گئی، 300 ملین کے چیک تقسیم کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں رہائشی منصوبوں کے 500 سے زائد متاثرین میں 300 ملین روپے کے چیک تقسیم کیےگئے، چیئرمین نیب نے کہا کہ شہریوں کی لوٹی گئی رقوم کی فوری واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانیوں میں ملوث عناصرکیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، شہری چھان بین اور تسلی کے بعد اپنی محنت اور خون پسینے کی کمائی کی سرمایہ کاری کریں۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں کے لوٹے گئے سرمائے کی ریکوری میں نیب افسران کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔
ڈی جی نیب راولپنڈی وقار احمد نے کہا کہ نیب قانونی طریقے سے شہریوں کو لوٹنے والوں کیخلاف ایکشن لے رہا ہے، نیب نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھاگنے والے ملزمان کو بھی گرفت میں لےگا۔
وقار احمد چوہان نے کہا کہ نیب ان ملزمان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کرائےگا، نیب ملزمان کی جائیدادوں کو بھی قانونی طریقے سے ضبط کرا کر نیلام کرائےگا۔
ڈی جی نیب راولپنڈی نے کہا کہ مطلوب ملزمان کیخلاف منی لانڈرنگ کے تحت تفتیش کرکے کارروائی کی جائےگی، نیب وہ تمام قانونی اقدامات لےگا جس سے بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے۔