اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف جامع آپریشن کی منظوری دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: حکومت نے ریاستی اداروں کے ساتھ ملکر دہشت گردی کیخلاف جامع آپریشن شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا،چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی،تینوں سروسزچیفس اورمتعلقہ اداروں کےاعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق مذکورہ اجلاس دو جنوری کو پشاور پولیس لائنز حملے کےبعد تسلسل میں ہوا، جس میں حکومت کیساتھ ملکردہشت گردی کیخلاف جامع آپریشن شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔

- Advertisement -

اجلاس کے شرکا نے جامع قومی سلامتی پر زور دیتے ہوئے عوام کے ریلیف کو مرکزی حیثیت قراردیا۔ شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ حکومت عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کاوشوں کا اعتراف

اجلاس نے قوم کو پائیدار امن کی فراہمی کے لئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کاوشوں کا اعتراف کیا اور پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دہشت گردی کی حالیہ لہر عدم سوچ بچار پر مبنی پالیسی کا نتیجہ قرار

اعلامیے کے مطابق شرکا نے دہشت گردی کی حالیہ لہر کو کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ نرم گوشہ اور عدم سوچ بچار پر مبنی پالیسی کا نتیجہ قرار دیا اور اسے عوامی توقعات و خواہشات کے بالکل منافی قرار دیا۔

شرکا کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو بلا رکاوٹ واپس آنے کی ناصرف اجازت دی گئی بلکہ ٹی ٹی پی کے خطرناک دہشت گردوں کو اعتماد سازی کے نام پر جیلوں سے رہا بھی کیا گیا۔ واپس آنے والے اِن خطرناک دہشت گردوں اور افغانستان میں بڑی تعداد میں موجود مختلف دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے مدد ملنے کے نتیجے میں ملک میں امن واستحکام کو متاثر کیا جو بے شمار قربانیوں اور مسلسل کاوشوں کا ثمر تھا۔

اعلامیہ میں انٹیلیجنس ایجنسی کے کامیاب آپریشن کوبہت سراہا گیا جس میں انہوں نے انتہائی مطلوب دہشت گرد گلزار امام عرف شمبے کو گرفتارکیا۔

دہشت گردی کے ناسُور کے خاتمے کے لئے پُر عزم

شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سے ہر طرح اور ہر قسم کی دہشت گردی کے ناسُور کے خاتمے کے لئے اِس مجموعی، ہمہ جہت اور جامع آپریشن میں سیاسی، سفارتی سیکیورٹی، معاشی اور سماجی سطح پرکوششیں بھی شامل ہوں گی۔ اس سلسلے میں اعلی سطح کی ایک کمیٹی تشکیل بھی دی گئی ہے جودو ہفتوں میں اس پر عمل درآمد اور اس کی حدود و قیود سے متعلق سفارشات پیش کرے گی۔

زہریلا پروپیگنڈا سوشل میڈیا پرپھیلانے کی کوششوں کی شدید مذمت

کمیٹی نے ملک میں بڑھتی ہوئی نفرت انگیزی، معاشرے میں تقسیم اور در پردہ اہداف کی آڑ میں ،ریاستی اداروں اور ان کی قیادت کے خلاف بیرونی امداد پر زہریلا پروپیگنڈا سوشل میڈیا پرپھیلانے کی کوششوں کی شدید مذمت کی اور کہاکہ اس سے قومی سلامتی متاثر ہوتی ہے ۔

دہشت گردوں کے مذموم مقاصد ناکام بنانے کا اعادہ

کمیٹی نے ملک دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ شہداءکی عظیم قربانیوں اور مسلسل کاوشوں سے حاصل ہونے والے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کو یقینی بنایا جائے گا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں