اتوار, اکتوبر 6, 2024
اشتہار

پتھراؤ سے زخمی اسلام آباد پولیس کا اہلکار عبدالحمید اسپتال میں دم توڑ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: مظاہرین کے پتھراؤ سے زخمی ہونے والا اسلام آباد پولیس کا اہلکار عبدالحمید اسپتال میں دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق چونگی نمبر 26 پر زخمی ہونے والے اسلام آباد پولیس کے اہلکار عبدالحمید انتقال کر گئے، مظاہرین کے پتھراؤ سے زخمی عبدالحمید اسپتال میں زیر علاج تھے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق مظاہرین پولیس کانسٹیبل عبدالحمید شاہ پر اغوا کے بعد تشدد کرتے رہے، عبدالحمید ایبٹ آباد کے رہائشی تھے اور انھیں تین ماہ بعد ریٹائر ہونا تھا۔

- Advertisement -

وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے پولیس اہلکار عبدالحمید کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا، شہباز شریف نے ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی، محسن نقوی نے کہا کہ تشدد کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

دوسری طرف اسلام آباد اور راولپنڈی میں زندگی معمول پر آنے لگی ہے، موبائل فون سروس بحال کر دیا گیا، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق اندرون شہر تمام رکاوٹیں اور کنٹینرز ہٹا دیے گئے، مری روڈ اور اطراف کے راستے ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے۔

راولپنڈی میں مجموعی طور پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے، فیض آباد کے مقام پر مری روڈ بند ہے، اسلام آباد پشاور ایم ون موٹر وے اور اسلام آباد لاہور ایم ٹو موٹر وے بھی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی، لاہور کے داخلی و خارجی راستوں سے بھی کنٹینرز ہٹا دیے گئے، اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

ادھر خیبر پختونخوا اسمبلی نے اپنے وزیر اعلیٰ کو لاپتا قرار دے دیا ہے، صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر دو بجے ہوگا، وزیر اعلیٰ کے لاپتا ہونے پر بحث کی جائے گی، اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کے پی ہاؤس اسلام آباد پر وفاقی حکومت کے اہلکاروں نے یلغار کی، وزیر اعلیٰ اور اسپیکر خیبرپختونخوا کے کمروں کے دروازے توڑے گئے۔

کے پی حکومت نے وزیر اعلی کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، علی امین گنڈاپور کے وکیل کا کہنا ہے کہ رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ سے رابطہ ہوا ہے، درخواست دائر کر کے آج ہی سماعت کی استدعا کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں