اسلام آباد: ایس ایس پی آپریشنز نے وفاقی دار الحکومت میں بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بھکاریوں کی بڑھتی تعداد سے پیدا ہونے والی پریشان کن صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد پولیس نے ایکشن لے لیا۔
[bs-quote quote=”اسلام آباد پولیس کا مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے خاتمے کا عزم” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے کریک ڈاؤن کا حکم جاری ہونے کے ساتھ ساتھ بھکاریوں کی گرفتاری کے لیے پولیس اسکواڈ بھی تشکیل دے دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے خصوصی اسکواڈ سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جا رہی ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز نے ہدایت کی ہے کہ بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے، مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کا خاتمہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھکاریوں کی بڑھتی تعداد ماضی میں بھی ایک مسئلہ رہا ہے، جس کے تدارک کے لیے انتظامیہ متعدد بار کارروائی کر چکی ہے تاہم خاطرِ خواہ نتائج بر آمد نہیں ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: عوام کو بیوقوف بنانے والے گداگر کا بھانڈا پھوٹ گیا
بھکاریوں میں خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی شامل ہے، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ خواتین بچوں کے اغوا میں بھی ملوث رہی ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال جون میں اسلام آباد میں بھکاریوں کے خلاف پولیس ایکشن کے دوران ایک افسوس ناک واقعہ بھی پیش آیا تھا جب سگنلز پر کلر بکس فروخت کرنے والا ایک بچہ ڈر کے مارے بھاگ کر ایک تیز رفتار گاڑی کے نیچے آ کر کچلا گیا۔