اسلام آباد : پولیس نے نور مقدم قتل کیس میں مزید چار اہم ترین دفعات شامل کر لیں ، مقدمے میں اعانت جرم، جرم چھپانا اور شواہد پر پردہ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نور مقدم قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئیں ، پولیس نے مقدمے میں مزید چار اہم ترین دفعات شامل کر لیں، پولیس کا کہنا ہے کہ نور مقدم قتل کیس میں اعانت جرم، جرم چھپانا اور شواہد پر پردہ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ موت کی وجہ بذریعہ مجسٹریٹ معلوم کرانے اور مجرم کو بچانے کیلئے ثبوت مٹانا یا جھوٹی اطلاع دینے کی دفعات بھی شامل کی گئیں ہیں تاہم کیس میں مزید ملزمان کی گرفتاری کے بعد نئی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے اسلام آبادپولیس نےنورمقدم قتل کیس میں ملزم ظاہرجعفرکے والدین سمیت دو سیکورٹی گارڈز کو گرفتار کیا تھا جبکہ نورمقدم کے والدشوکت مقدم کا تفصیلی بیان بھی ریکارڈ کیا۔
نورمقدم کے والد کے بیان کی روشنی میں ملزم کے والد ذاکر جعفر،والدہ عصمت آدم جی اور ان کے دو گھریلوملازمین سمیت دیگر افراد کو شامل تفتیش کیا گیا، ملازمین کو شواہد چھپانے اور اعانتِ جرم کے الزام میں گرفتارکیاگیا۔
اس سے قبل عدالت نے مرکزی ملزم ظاہرجعفر کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا جبکہ انتظامیہ نےملزم ظاہرجعفرکےتھراپی ورکس کوسیل کرنے کا فیصلہ کیا ، ڈپٹی کمشنراسلام آبادحمزہ شفقات نےسیل کرنےکےاحکامات جاری کیے تھے۔