دبئی : اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ائیٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو جیت کے لیے 166 رنز درکار تھے۔ احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن کی نصف سنچری بھی کام نہ آسکی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منہ سے فتح چھین لی، دلچسپ مقابلے کے بعد کوئٹہ کو ایک رن سے ہرادیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز اچھا نہ ہوا، پہلے ہی اوور میں ڈیوئن اسمتھ کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
پہلا میچ کھیلنے والے حسین طلعت نے دھواں دھار ففٹی بنائی۔ مصباح الیون مقررہ اوورز میں ایک سو پنسٹھ رنزبناسکی۔ ذوالفقاربابر اورانورعلی نے دودو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کو بھی ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا، ابتدائی نقصان کے بعد کوئٹہ سنبھل گیا۔ احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن کے درمیان ایک سو تینتس رنز کی شراکت نے میچ یکطرفہ بنادیا۔
شاداب خان نے کیون پیٹرسن کو 69 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ لیکن میچ میں انہونی اس وقت ہوئی، جب کوئٹہ کو بارہ گیندوں پر صرف سات رنز درکار تھے، لیکن کوئٹہ ایک رن سے ہارگیا۔
محمد سمیع کو ان کی کارکردگی پر مین آف دی میچ کا اعزاز ملا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ذوالفقار بابر نے 17 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں لیکن دوسری جانب انور علی بہت مہنگے ثابت ہوئے اور اپنے چار اوورز میں 51 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔