پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے اسلام آباد ڈی چوک پر مظاہرین پر تشدد کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوااسمبلی کا اجلاس اسپیکربابرسلیم سواتی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں اسلام آباد میں احتجاج پرہونے والے مظالم کی مذمت کی گئی۔
خیبرپختونخوا حکومت نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج پر سفاکانہ تشدد کے خلاف آج سے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔
وزیر قانون آفتاب عالم نے کے پی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرامن مظاہرین پر مظالم کے پہاڑ توڑے گئے، ہمارے صوبے کے چیف ایگزیکٹو پر براہ رست فائرنگ کی گئی اور احتجاج میں شریک پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گاڑیوں تلےکچلاگیا۔
اسمبلی کا اجلاس آج شام سات بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
یاد رہے وزیراعلی خیبر پختونخوا نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران جاں بحق ہونے والے پارٹی کارکنوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے مانسہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پر براہ راست گولیاں برسائی گئیں۔ بشریٰ بی بی میرے ساتھ تھیں، ان پر بھی حملہ کیا گیا۔ جو لوگ کل متاثر ہوئے، ان ہزاروں کارکنان کا ڈیٹا بھی آ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پُر امن احتجاج کی کال دی تھی اور ان کی کال پر دھرنا جاری ہے جب تک کال اپ نہیں ہوگی، یہ جاری رہے گا۔