اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے چڑیا گھر کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے چڑیا گھر میں ایک بیمار ریچھ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر صارفین کی جانب سے چڑیا گھر انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم اب اس ویڈیو کی اصلیت سامنے آگئی ہے۔
جعلی ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ ایک ریچھ اسلام آباد کے چڑیا گھر میں پانی اور خوراک نہ ملنے کے سبب ابتر حالت میں پڑا ہے۔
نمائندہ اے آروائی نیوز فاطمہ نے پروگرام باخبر سویرا سے گفتگو کرتے ہوئے ویڈیو کی حقیقت سے آگاہ کردیا، وہ اسلام آباد کے چڑیا گھر پہنچی اور سوزی (ریچھ) کو دیکھا جو بالکل ٹھیک حالت میں موجود تھا۔
سوشل میڈیا پر اسلام آباد کے چڑیا گھر کی وائرل ویڈیو کی اصلیت کیا؟ دیکھیں اس رپورٹ میں۔
مکمل ویڈیو: https://t.co/Fg7wlRB9EN#BakhabarSavera #ARYNews #Islamabad #Zoo #Viral #Video pic.twitter.com/7o8wvE6S7i
— Bakhabar Savera (@bakhabarsavera) August 1, 2019
سوزی کو بہتر خوراک اور گرمی سے بچاؤ کے لیے برف کی سیلیں بھی رکھی ہوئی تھیں جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی سوزی کو دیکھنے کے لیے موجود تھی۔
ایک شہری کا کہنا تھا کہ ہم بھی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوزی کو دیکھنے آئے تھے لیکن شکر ہے کہ یہ تو بالکل ٹھیک حالت میں ہے اور برف کے سلیپس بھی رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سوزی کے علاوہ بھی اور جانوروں کو دیکھا ہے، یہاں کا ماحول بہت اچھا ہے ہمیں کوئی بھی جانور بیمار نظر نہیں آیا۔
اسلام آباد کے شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم نے ہاتھی، زیبرا بھی دیکھا ہے لیکن سوزی کے بارے میں جو سنا تھا وہ سب کچھ غلط ثابت ہوا اور سوزی تندرست ہے اسے کوئی بیماری نہیں ہے۔