اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اسلامک بینک کے سربراہ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیکیورٹی صورتحال اور اقتصادی تعاون کے امور پر بات چیت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عالمی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو شیخ علی بن عبد اللہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اسلامک بینک کے سربراہ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سیکیورٹی صورتحال اور اقتصادی تعاون کے امور پر بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے ساتھ استحکام آرہا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں دیرپا امن کی صورتحال کو تقویت ملی ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کی راہیں ہموار ہوئی ہیں۔
سربراہ اسلامک بینک نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کا کردار گراں قدر ہے، دیرپا امن سے خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل آرمی چیف نے کہا تھا کہ پاکستان مستقل امن اور استحکام کی جانب تیزی سے گامزن ہے، بلوچستان کے طلبا مختلف شعبوں میں مواقعوں کے لیے خود کو تیار کریں۔
آرمی چیف نے کہا تھا کہ مثبت اقدامات سے ملک میں دیرپا امن و استحکام آیا ہے۔