کراچی: چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید نے کہا ہے کہ حکومت کا منصوبہ ہے کہ دسمبر 2026 تک ریگولیٹڈ سیکٹرز میں اسلامک سسٹم کا نفاذ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق آج جمعرات کو کراچی میں دوسری اسلامی کیپٹل مارکیٹس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین عاکف سعید نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں اسلامک فنانسنگ میں کافی پیش رفت ہوئی ہے، ہم معاشی شعبوں میں اسلامک فنانس کی ترسیل کا اعادہ کرتے ہیں۔
چیئرمین ایس ای سی پی کا کہنا تھا کہ سکوک سے حکومت اور سرمایہ کار دونوں فائدہ حاصل کر رہے ہیں، سکوک سے اسلامک فنانسنگ کو مزید تقویت بخشنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، گزشتہ سال کارپوریٹ سکوک میں 27 فی صد نمو ہوئی جو بڑھتی طلب کی عکاس ہے۔
عاکف سعید نے کہا بہ طور ریگولیٹر ہماری ترجیح ہے کہ لسٹڈ سکوک ہونے چاہئیں، دسمبر 2026 تک ریگولیٹڈ سیکٹرز میں اسلامک سسٹم کا نفاذ کرنا ہے، مقامی اور عالمی سطح پر اسلامک فنانس سے پائیدار معاشی نمو ہوگی۔