لندن: برطانیہ میں اسلاموفوبیا سے ہر 10 میں سے 7 مسلمان متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہائیفن نے ایک سروے کے نتائج میں انکشاف کیا ہے کہ برطانیہ میں رہنے والے ہر 10 میں سے 7 مسلمان اسلاموفوبک رویوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
انگلینڈ اور یورپی ممالک کے مسلمانوں سے متعلقہ موضوعات پر مرکوز ‘ہائیفن’ نامی ویب سائٹ نے 22 اپریل سے 10 مئی تک کے دورانیے میں 18 سے 24 سال تک کی عمروں کے 700 نوجوانوں سمیت کُل 1503 مسلمانوں کی شرکت سے یہ سروے کیا۔
اس سروے میں کاروباری مقامات اور دفاتر میں مسلمانوں کو درپیش اسلامو فوبک روّیوں اور معاشرے میں ان کے کردار پر ڈیٹا جمع کیا گیا۔
ڈیٹا میں یہ بات سامنے آئی کہ دفاتر اور کاروباری ماحول میں مسلمانوں کو زیادہ ترگاہکوں یا پھر بیرونی افراد سے رابطے کے دوران 44 فی صد اسلاموفوبیا پر مبنی رویوں کا سامنا ہے۔
سروے میں کہا گیا کہ کام کی جگہوں پر مسلمانوں کو سماجی سرگرمیوں میں 42 فی صد اور پروموشن لینے کے دوران 40 فی صد اسلاموفوبک روّیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔