ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر حماس رہنماء اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ فلسطینی اور غزہ کے عوام کی جانب سے تہران آیا ہوں تاکہ ایرانی عوام کو تعزیت پیش کرسکوں۔
ایرانی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں شہید صدر کے ساتھ تہران میں ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے فلسطین کے لئے ایران کی ہمہ جہت حمایت کا اعادہ کیا تھا۔
حماس رہنما نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ فلسطین عالم اسلام کا مسئلہ ہے اور امت مسلمہ کو اس کے حوالے اپنی ذمہ داری ادا کرنا چاہئے تاکہ فلسطینی عوام اور مقدس سرزمین کو آزاد کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ شہید صدر رئیسی نے فلسطینی جدوجہد کو عالم اسلام کا محاذ قرار دیا تھا اور طوفان الاقصی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے صہیونی حکومت کی بنیادیں متزلزل ہوگئی ہیں۔
حماس رہنما اسماعیل ہنیہ نے اطمینان کا اظہار کیا کہ ایران آئندہ بھی فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا تاکہ بیت المقدس کو آزاد کرکے توحید کا پرچم لہرایا جاسکے۔
تہران میں ایرانی صدر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، ہزاروں افراد کی شرکت
واضح رہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں زندگی کی بازی ہارنے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر حکام کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
تہران میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر کی نماز جنازہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے پڑھائی۔