کراچی: جان لیوا کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے سماجی رہنما اور سربراہ بیت المال سندھ بھی میدان میں آ گئے، کراچی کے نجی اسپتال میں کرونا مریضوں کے لیے آئسولیشن وارڈ قائم کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کی روک تھام اور متاثرہ افراد کے مفت علاج کے لیے نجی اسپتال حسین لاکھانی میں آئسولیشن وارڈ قائم کر دیا گیا، سربراہ بیت المال سندھ کا کہنا تھا کہ 50 بیڈز پر مشتمل آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے، جہاں مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اسپتال کے چیئرمین نوید کا کہنا تھا کہ سب کو مل کر اس وائرس کے خلاف لڑنا ہوگا، آیندہ چند روز میں آئسولیشن وارڈ کی گنجایش بڑھا کر 100 بستر کر دی جائے گی، بلدیہ کراچی کے ساتھ مل کر بھی لانڈھی میں قائم امراض قلب کے کارڈِک سینٹر میں 250 بستروں پر مشتمل آئسولیشن سینٹر بنایا جائے گا۔
ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی سلمیٰ کوثر کا کہنا تھا کہ کرونا اتنا خطرناک نہیں جتنا اس کو بنا دیا گیا ہے، میئر کراچی بھی اس کی روک تھام کے لیے متحرک ہیں۔ دریں اثنا ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی، سربراہ بیت المال، اقرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر و دیگر نے نجی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ کا دورہ بھی کیا۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر طویل القامت پاکستانی کی امداد، صحت کارڈ بھی دیا جائے گا
خیال رہے کہ سندھ بھر میں 181 لوگ کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، تفتان سے آئے لوگوں میں اب تک 290 ٹیسٹس کا نتیجہ آ چکا ہے، 147 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی، جب کہ 143 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا، 290 افراد تفتان سے سکھر کے قرنطینہ سینٹر لائے گئے تھے۔