آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکا کے سرکاری دورے کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واشنگٹن ڈی سی میں سینئر اسکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین، بین الاقوامی میڈیا، دانشوروں اور دفاعی ماہرین کے نمائندہ اداروں کے ساتھ تفصیلی اور بے لاگ تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف نے امریکا کے ممتاز تھنک ٹینکس اور اسٹریٹجک امور کے اداروں سے بھی تفصیلی بات چیت کی، نمائندوں کے ساتھ اس ملاقات نے پاکستان کے اصولی موقف کو اہم علاقائی و عالمی امور پر اجاگر کرنے اور پاکستان کے اسٹریٹجک وژن کو بہتر طور پر سمجھانے کا موقع فراہم کیا۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان علاقائی امن واستحکام کیلئے پُرعزم ہے، انٹرنیشنل آرڈر کے حوالے سے پاکستان تعمیری کردار ادا کررہا ہے، آرمی چیف نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص پر تفصیلی روشنی بھی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات ختم
فیلڈ مارشل نے دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو اجاگر کیا، فیلڈ مارشل نے ہائبرڈ وار فیئر میں علاقائی کرداروں کی جانب سے دہشت گردی کے استعمال پر بھی اظہار خیال کیا۔
آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے، پاکستان نے انسانی اور اقتصادی سطح پر بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں آئی ٹی، زراعت، معدنیات اور کان کنی میں بے پناہ مواقع ہیں۔
آرمی چیف نے ان مواقع سے استفادہ کیلئے بین الاقوامی شراکت داروں کو دعوت دی، آرمی چیف نے علاقائی وعالمی تنازعات میں پاکستان کے متوازن کردار پر بھی اظہار خیال کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ تنازعات کو مذاکرات، سفارت کاری اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق حل کیا جاسکتا ہے، پاکستان علاقائی تناؤ کے خاتمے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کررہا ہے، پاکستان معاون سیکیورٹی فریم ورک کوفروغ دینےکیلئےکوشاں ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دیرینہ پاک امریکا شراکت داری پر بھی روشنی ڈالی، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دونوں اقوام کے درمیان تاریخی تعلقات رہے ہیں، انسداد دہشت گردی، علاقائی سیکیورٹی اور اقتصادی ترقی نمایاں پہلو ہیں۔
آرمی چیف نے وسیع تر،کثیرالنوعیت اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات پر زور دیا، آرمی چیف نے اسٹرٹیجک مفادات اور اقتصادی خود مختاری کو فروغ دینے پر بھی زور دیا ہے۔
شرکاء نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کے نقطہ نظر سمیت پاکستان کی مستقل اور اصولی پالیسیوں کو سراہا اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان سٹریٹجک ڈائیلاگ کو آگے بڑھانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔