کوہستان : پاک فوج نے برف باری کے باعث تین روز سے پہاڑوں پر پھنسے7 افراد کو ریسکیو کرکے بچا لیا، متاثرہ افراد کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کوہستان میں گزشتہ دنوں شدید برف باری کی وجہ سے سات افراد لاپتہ ہوگئے تھے، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لاپتہ ہونے والے افراد کو پاک فوج کے ایوی ایشن ہیلی کاپٹر کے ذریعے تلاش کرکے انہیں ریسکیو کرلیا۔
اس حوالے سے آئی ایس پی آر کے مطابق برف میں پھنسے افراد کو72گھنٹے سے زائد وقت گزر چکا تھا، تمام افراد کو ریسکیو کرکے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پٹن منتقل کردیا گیا۔
یاد رہے کہ شمالی علاقوں میں حالیہ شدید برفباری کی وجہ سے مقامی افراد کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے پاک فوج شمالی علاقہ جات میں ریسکیو آپریشننز جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس سلسلے میں پاک فوج کے جوان برف باری کے باعث بند ہونے والی سڑکوں سے برف ہٹا کر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہیں، شدید برفباری اور رکی ہوئی گاڑیوں کی وجہ سے سڑکیں بلاک ہیں جب کہ سڑکیں کلیئر کرانے کی کوشش کی جارہی ہیں۔