کراچی: پاک فوج کی جانب سے نانگا پربت پر پھنسے دو غیر ملکی کوہ پیماؤں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کوہ پیماؤں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹرزاور چار ریسکیو اہلکار آپریشن میں مصروف ہیں۔ نانگا پربت سر کرنے کی کوشش کرنے والے ایک مرد اور ایک خاتون کوہ پیما خراب موسم کا شکار ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ نانگا پربت دنیا کی نویں اور پاکستان کی دوسری بلند ترین چوٹی ہے۔غیر ملکی کوہ پیماؤں کو بچانے کی درخواست ان کے اپنے سفارتخانوں کی جانب سے کی گئی ہے۔ خاتون کوہِ پیما الزبتھ کا تعلق فرانس، جبکہ مرد کوہ پیما ٹوماس کا تعلق پولینڈ سے ہے۔
ماؤنٹ ایورسٹ سرکرنے والے پاکستانی عبدالجبار کو ریسکیو کرلیاگیا
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولینڈ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما بھی پاک فوج کے ریسکیو آپریشن میں شریک ہیں، دونوں کوہ پیما اس وقت سات ہزار 400 میٹر کی بلندی پر پھنسے ہوئے ہیں۔ انھوں نے سیٹلائٹ فون کے ذریعے اپنی لوکیشن سے ریسکیو ٹیم کو آگاہ کیا ہے۔
سخت ٹھنڈ اور موسم کی خرابی کے باعث آپریشن میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ البتہ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ آپریشن کامیاب رہے گا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔