راولپنڈی : خیبر ایجنسی میں سرحد پار سے دہشت گردوں کے حملوں میں پانچ دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک جوان نے مردانہ وار لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کی۔
تفصیلات کے مطابق خیبرایجنسی میں پاکستانی چوکیوں پر سرحد پار سے دہشت گردوں نے حملہ کردیا جسے پاک فوج کے جوانوں نے دلیرانہ مقابلہ کرتے ناکام بنادیا، دہشت گردوں کو بھاری نقصان اُٹھانا پڑا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ آوروں نے افغان سرحدی علاقے سے خیبر ایجنسی میں قائم پاکستانی چیک پوسٹوں پر فائرنگ کی جسے مستعد پاک فوج کے جوانوں نے ناکام بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا جب کہ پاک فوج کے ایک جوان نے شہادت کا درجہ حاصل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاکستانی فوجی اہلکار سپاہی محمد الیاس شہید ہوگئے ہیں جب کہ پاک فوج کی مؤثر اور بروقت کارروائی میں 5 دہشت گرد بھی ہلاک اور 4 زخمی ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے افغان سرحدی علاقوں میں افغانستان حکومت کا کنٹرول نہ ہونے کا فائدہ اٹھائے ہوئے راجگال وادی میں کئی مقامات پر نئی قائم کردہ چوکیوں کو نشانہ بنایا۔