راولپنڈی : آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی حدود میں کرم ایجنسی میں امریکی ڈرون حملے کی اطلاعات غلط ہیں اور پاک افغان بارڈر پر کوئی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان کے علاقے خوست اور پکتیا میں ریزولوٹ اسپورٹ مشن اور افغان فورسز کے آپریشنز کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں متعدد ڈرون حملے کیے گئے جس میں متعدد دہشت گردوں کی ہلاکتوں کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ کرم ایجنسی میں ڈرون حملے کی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں اور پاکستانی حدود میں کہیں بھی کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا ہے، پاک فوج اپنے سرحدی علاقوں میں مکمل طور پر الرٹ ہیں اور پاک فوج افغان بارڈر پرمستعدی سے فرائض انجام دے رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف قمر باجوہ کے دورہ افغانستان کے بعد پاک افغان فورسز کے درمیان کوآرڈینیشن کاعمل مزید تیز ہوا ہے اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے ساتھ ساتھ مربوط باہمی رابطوں سے مشترکہ دشمن کوشکست دینے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے پاک افغان سرحدی علاقے میں افغانستان کے علاقوں میں قائم افغان طالبان کے ٹھکانوں پر ڈرون حملوں کے نتیجے میں کمانڈر سمیت پانچ سے آٹھ طالبان جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔