راولپنڈی : ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ کے افسران کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں خوش قسمتی سے تمام افسران محفوظ رہے۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق مذکورہ گاڑی اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ کے فلپائن سے تعلق رکھنے والے ’’میجر ایمانول‘‘ اور کروشیا سے تعلق رکھنے والے ’’میجر مرکو’’ کو لے کر جا رہی تھی اور طریقہ کار کے تحت گاڑی پر نیلا جھنڈا بھی لہرا رہا تھا اس کے باوجود خنجر سیکٹر میں گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ کے دونوں میجرز محفوظ ہیں جنہیں فائرنگ کے واقعہ کے بعد فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی جی ایچ کیو آمد،ایل او سی پر بریفنگ
ترجمان آئی ایس پی آر نے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ کے افسران کو لے جانے والی گاڑی پر حملے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا اور لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر سخت احتجاج کیا ہے۔
خیال رہے رواں سال 17 مارچ کو پاک فوج نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ کو ہیڈ کوارٹرز مدعو کر کے لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ پر احتجاج کیا اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا جب کہ آج انہی مبصرین کی گاڑی کو خنجر سیکٹر میں انڈین آرمی نے نشانہ بنایا۔
یاد رہے اس سے قبل بھمبر سیکٹر اور نوشیرہ سیکٹر میں بھی بھارتی فوج نے مقامی آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کی تھی جس کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پاک فوج نے بھاتی چوکیوں کو تباہ کردیا تھا۔