راولپنڈی: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے کانسٹیبل ثنااللہ شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز بلوچستان کے علاقے کلی الماس میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کی تھی جس میں سو سے زائد افراد کے قتل میں ملوث دہشت گرد اور دو خود کش بمباروں کو ہلاک کردیا تھا تاہم دہشت گردوں سے مقابلے میں ملٹری انٹیلی جنس کے کرنل سہیل عابد شہید ہوگئے تھے اور آج زخمی کانسٹیبل ثنا اللہ بھی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کلی الماس آپریشن میں زخمی ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل ثنااللہ شہید ہوچکے ہیں، امن کے سفر میں تمام پاکستانی شہیدوں کے قرض دار ہیں، امن کی طرف جاری سفر ان شہیدوں کا مرہون منت ہے۔
کرنل سہیل عابد کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین، آرمی چیف کا اظہار رنجیدگی
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہمارے امن کے پیچھے دراصل یہ شہید ہیں، شہیدوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہیڈ کانسٹیبل ثنااللہ گزشتہ روز دہشت گردوں سے مقابلے میں زخمی ہوئے تھے، شہید ہیڈ کانسٹیبل نے پسماندگان میں اہلیہ اور 2 بچے چھوڑے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کلی الماس میں خفیہ اطلاع پر خود کش بمباروں کی موجودگی پر چھاپہ مار کارروائی کی تو دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی تھی۔
بلوچستان میں کالعدم لشکر جھنگوی کا بڑا دہشت گرد مارا گیا، آئی ایس پی آر
سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں 100 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث لشکر جھنگوی کا انتہائی مطلوب دہشت گرد سلمان بادینی ہلاک ہوا تھا، مذکورہ شخص ہزارہ برداری کے کئی لوگوں اور متعدد پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔