پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور جوانوں کے دستے سندھ، بلوچستان، پنجاب اور کے پی میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جوانوں کے دستے سندھ، بلوچستان، پنجاب اور کے پی میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں جب کہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور ریسکیو میں مصروف ہیں۔
اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی حیدرآباد، سانگھر، بدین، ٹھٹھہ، جامشورو، نوشہروفیروز ودیگر علاقوں میں ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں، متاثرہ افراد میں راشن اور تیار کھانا تقسیم کیا جارہا ہے، سیلاب متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور طبی امداد فراہم کی گئی، جب کہ آرمی کے 2 ہیلی کاپٹرز کراچی سے زیریں سندھ روانہ کردیے گئے ہیں تاکہ امدادی سرگرمیاں مزید تیز ہوسکیں۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور ایف سی کے دستے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہیں۔ کوٹئہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ژوب، لورا لائی، نوشکی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ نصیرآباد، لسبیلہ اور دکی میں ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جب کہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔
پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ڈی جی خان کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی جاری ہے اور ہیلی کاپٹرز کی 4 پروازوں کے ذریعے امدادی سامان وہاں پہنچایا گیا ہے۔
کے پی میں ایف سی کے جوان سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، چترال اور دیگر متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔