منگل, جنوری 7, 2025
اشتہار

رفح پر اسرائیلی حملہ، سعودی عرب اور مصر نے خبردار کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض/قاہرہ: سعودی عرب اور مصر نے اسرائیل کو جنوبی غزہ کی پٹی میں واقع فلسطینی شہر رفح پر حملے کے سلسلے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خطرناک نتائج کا باعث بنے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح شہر پر اسرائیل کا حملہ انتہائی خطرناک نتائج کا باعث بنے گا، مصر نے بھی تل ابیب کو وارننگ دے کر کہا ہے کہ اگر فلسطینیوں کو بے گھر کر کے مصر منتقل کیا گیا تو دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدہ معطل ہو جائے گا۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق متحدہ عرب امارات اور اردن بھی جنوبی غزہ کے شہر رفح میں اسرائیل کے منصوبہ بند فوجی آپریشن پر خطرے کی گھنٹی بجانے والے ممالک میں شامل ہو گئے ہیں۔ ابوظبی کی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے آپریشن کے بارے میں ’گہری تشویش کا اظہار کیا ہے‘ اور کہا کہ اس کے نتیجے میں سنگین انسانی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

- Advertisement -

سعودی عرب نے ہفتے کے روز کہا کہ گنجان آباد رفح میں اسرائیل کا منصوبہ بند فوجی آپریشن ’انسانی تباہی‘ کا باعث بنے گا، اس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا۔ مملکت نے رفح میں آپریشن کے انتہائی خطرناک نتائج سے خبردار بھی کیا اور اس کی سخت مذمت کی۔

دوسری طرف وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق مصری، قطری، امریکی اور اسرائیلی حکام کی ملاقات منگل کو قاہرہ میں ہوگی جس میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بات چیت کی جائے گی۔

غرہ میں اسرائیلی جارحیت سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، رفح میں اسرائیلی فضائی بمباری جاری ہے، جس سے گزشتہ روز 25 فلسطینی شہید ہوئے، فضائی بمباری کے بعد اسرائیل زمینی آپریشن کی بھی تیاری کر رہا ہے، اسرائیل نے رفح سے فلسطینیوں کو جبری بے دخل کرنے اور زمینی حملے کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے، واضح رہے کہ رفح میں 15 لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں