تل ابیب : اسرائیل نے غزہ کی طرز پر اب لبنان میں بھی فضائی حملوں کے بعد زمینی کارروائی شروع کردی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 136 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
لبنانی حکام کے مطابق بیروت کے جنوب میں واقع عین الدلب میں کم از کم 45 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں لبنان میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 136 تک پہنچ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کے تین اراکین بھی شامل ہیں جو بیروت کے علاقے کولا میں مارے گئے، جہاں اسرائیل نے جنوبی مضافات کے علاوہ پہلی بار دارالحکومت پر حملہ کیا۔
حسن نصراللہ کی ہلاکت کے بعد حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ حزب اللہ اسرائیلی زمینی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے اور نئے سربراہ کا انتخاب موجودہ طریقہ کار کے مطابق کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں اسرائیل نے غزہ پٹی پر بھی اپنے حملے جاری رکھے ہیں، جن میں گزشتہ روز میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہوئے، غزہ میں 7اکتوبر سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 41,615 افراد ہلاک اور 96,359 زخمی ہو چکے ہیں۔