بیروت : اسرائیل نے غزہ کے بعد لبنان میں ایک نیا محاذ جنگ کھول رکھا ہے، تازہ حملے میں بمباری سے مزید77لبنانی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے لبنان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت کم از کم 77 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق 8اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں 1600لبنانی شہری شہید ہوچکے ہیں، شہید لبنانی شہریوں میں 104بچے اور194خواتین شامل ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق اسرائیل بیروت اور اطراف میں مسلسل بمباری کررہا ہے، لبنان میں 2روز کے دوران طبی عملے کے14 ارکان شہید ہوچکے۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کے جیٹ طیارے ملک بھر میں، بشمول دارالحکومت بیروت کے مضافاتی علاقوں میں مسلسل بمباری کر رہے ہیں۔ اسرائیلی فضائیہ نے یمن کے حُدیدہ اور راس عیسیٰ میں بجلی گھر اور بندرگاہ کو نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی بھی جاری ہے، اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے غزہ میں مزید 28فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد42ہزار سے زائد ہوگئی، شہداء میں ساڑھے16ہزار سے زائد فلسطینی معصوم بچے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 96ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں، حملوں کے بعد10ہزارسے زائد فلسطینی لاپتا ہیں۔