جمعہ, مارچ 28, 2025
اشتہار

اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری، مزید 91 فلسطینی شہید

اشتہار

حیرت انگیز

جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل کے غزہ پر حملوں میں مزید شدت آگئی، اسرائیلی فوج نے چوبیس گھنٹے میں مزید 91 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چار روز میں اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد چھ سو سے تجاوز کرگئی، اسرائیلی فورسز رفح میں بھی داخل ہوگئیں جبکہ جنوبی غزہ میں وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔

ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اسپتال اور مریضوں کو ہدف بنایا ہے جو جنگی جرائم کے مترادف ہے، اسرائیلی فورسز کے حملے کے جواب میں حماس نے تل ابیب پر راکٹ برسائے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے امریکی صدر اسرائیلی فوج کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

دوسری جانب جنگ بندی ختم کر کے نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری کے جواب میں یمن کے حوثیوں اور حماس نے اسرائیل کے بن گوریون ایئرپورٹ پر میزائل حملے کیے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق حوثیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بین گوریون ہوائی اڈے کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔ حوثیوں کے ترجمان یحییٰ ساری نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”یمن کی مسلح افواج نے فلسطین-2 ہائپرسونک بیلسٹک میزائل سے مقبوضہ جافا کے علاقے میں بن گوریون ہوائی اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے ایک معیاری فوجی آپریشن کیا۔

آپریشن میں کامیابی سے اپنا مقصد حاصل کر لیا گیا۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ فضائیہ نے یمن سے داغے گئے میزائل کو ملک کی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔

حماس کے مسلح ونگ، قسام بریگیڈز نے غزہ پر اسرائیل کے جاری حملوں کے جواب میں تل ابیب کی طرف راکٹ داغنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

غزہ پر اسرائیلی حملہ ’بچی ملبے میں دبی ہوئی ہے اور چیخ چیخ کر رو رہی ہے‘

غزہ سے راکٹ داغے جانے سے اسرائیل کے بین گوریون ہوائی اڈے پر پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ وسطی اسرائیل میں سائرن بجنے سے تل ابیب کے بین گوریون ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک میں خلل پڑا ہے اور کم از کم چھ سویلین پروازوں کو ری ڈائریکٹ کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں