اسرائیلی فوج نے غزہ میں اپنی کارروائیوں کے دوران فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے دو سینئر جنگجو شہید کرنے کا دعویٰ کر دیا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج اور انٹیلیجنس ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے غزہ پٹی میں حماس کے دو سینئر جنگجو سید ابو حسنان اور مصطفیٰ المتوق کو شہید کیا۔
ٹیلی گرام پر شائع بیان میں کہا گیا کہ ابو حسنان دیر البلاح بریگیڈ میں حماس کی ایلیٹ نخبہ یونٹ کے رکن تھے جنہوں نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملے میں حصہ لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا یرغمالیوں کی رہائی میں حصہ لینے والے حماس کے اہم جنگجو کی شہادت کا دعویٰ
مصطفیٰ المتوق کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ حماس کے جبالیہ بریگیڈ میں آپریشن آفیسر تھے جنہوں نے غزہ میں اسرائیلی افواج کے خلاف حملوں کی ہدایات دیں۔
اسرائیلی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے جمعرات کو پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین (PFLP) کے رکن علی ندال حسنی سرافیتی کو غزہ میں ایک الگ حملے میں نشانہ بنایا۔
علی ندال حسنی سرافیتی نے 2002 سے 2015 کے درمیان PFLP کا رکن بننے، جنگجوؤں کو تربیت دینے اور حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم میں 13 سال سزائے قید کاٹی۔