جمعرات, اکتوبر 10, 2024
اشتہار

ایرانی حملے کا جواب حیران کر دینے والا ہوگا، اسرائیلی وزیر دفاع

اشتہار

حیرت انگیز

تل ابیب: اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والے ایران کے میزائل حملے کا جواب حیران کر دینے والا ہوگا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی آرمی ریڈیو اور اخبار ہاریٹز نے بتایا کہ وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ ایران کے میزائل حملے پر اسرائیل کا ردعمل مہلک، بالکل واضح اور سب سے بڑھ کر حیران کن ہوگا۔

یوو گیلنٹ نے کہا کہ ایران سمجھ نہیں پائے گا کہ یہ کیا اور کیسے ہوا۔

- Advertisement -

قبل ازیں، پاسداران انقلاب کے ایک سینیئر کمانڈر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر اسرائیل کی طرف سے جوابی حملہ کیا گیا تو ایران گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں بہت بڑا آپریشن کرنے کیلیے بالکل تیار ہے۔

پاسداران انقلاب کے چیف حسین سلامی کے مشیر ابراہیم جباری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم نے اسرائیل پر 200 میزائل حملے کیے لیکن اب سینکڑوں یا ہزاروں میزائل اس کے زیر قبضہ علاقوں میں گرانے اور اس کے سکیورٹی، فوجی اور اقتصادی مراکز کو نشانہ بنانے کیلیے تیار ہیں۔

ابراہیم جباری نے کہا تھا کہ اسرائیل ایران کے مقابلے میں جغرافیائی لحاظ سے بہت چھوٹا ہے لہٰذا اسے ایرانی کارروائیوں کے اثرات سے محتاط رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایران ایک وسیع ملک ہے، اگر ہماری کسی جگہ کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو ہم نے ملک کے دیگر حصوں سے حملہ کرنے کی صلاحیت پیدا کر لی ہے۔

اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ کیا کرنے جا رہے ہیں؟ امریکا اس جنگ ​​میں اترنے کی ہمت نہیں کرے گا اور ہم اس چھوٹے سے علاقے (اسرائیل) کو ہلا کر رکھ سکتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں