اسرائیل نے ایران یا حزب اللہ کی طرف سے کیے گئے ڈرون حملے روکنے کی صلاحیت کو بڑھانے کیلیے دفاعی کمپنیوں سے مدد مانگی ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ اس نے آٹھ بڑی اور چھوٹی دفاعی کمپنیوں کے درمیان مقابلہ شروع کیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ مقابلے سے برآمد نتائج کا جائزہ لینے کے بعد وزارت دفاع تیز رفتار پیداواری عمل میں داخل ہونے ککیلیے متعدد ٹیکنالوجیز کا انتخاب کرے گی، اس کا واحد مقصد مہینوں کے اندر نئی آپریشنل صلاحیتوں کو تعینات کرنا ہے۔
اس بارے میں وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا کہ یو اے وی خطرہ ایران سے شروع ہونے والا ایک سنگین خطرہ ہے جو لبنان، یمن اور عراق کو یو اے ویز فراہم کرتا ہے اور یہاں تک کہ انہیں خود بھی لانچ کرتا ہے۔
یوو گیلنٹ نے کہا کہ ہمیں اس مسئلے کے فوری حل کیلیے کوششوں پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے۔
وزارت دفاع کے ڈائریکٹر جنرل ایال ضمیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کیلیے پہلے ہی سینکڑوں ملین کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز حزب اللہ کی طرف سے اسرائیل پر ڈرون حملہ کیا گیا جس میں اس کے چار فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
حزب اللہ نے حملے میں ڈورن کے اُس ماڈل کا استعمال کیا جو اس نے پہلے کبھی نہیں کیا گیا تھا۔ نیا ماڈل اسرائیلی دفاعی نظام کو چکما دینے میں کامیاب رہا۔