امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ امریکی سفارتکاری رنگ لائی اور اسرائیل حماس جنگ بندی معاہدہ ہوگیا۔
نائب صدر کملاہیرس اور وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کیساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی اور ایران کے کمزور ہونے کے بعدحماس پر دباؤ شدید تھا بدلی ہوئی علاقائی صورتحال کے پیش نظرحماس کو جنگ بندی کیلئے مجبور کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مئی میں پیش کیےگئے جنگ بندی منصوبے کو درست شکل میں آگے بڑھایا تھا۔
امریکی صدر نے معاہدہ کے اہم نکات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ معاہدے کا پہلا مرحلہ 6 ہفتے تک جاری رہے گا جس میں مکمل جنگ بندی اور اسرائیلی فوج کی واپسی شامل ہے پہلے مرحلےمیں فلسطینی اپنےگھروں کو واپس جاسکتے ہیں، غزہ میں امدادی سامان پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے 6 ہفتے کے دوران، اسرائیل دوسرے مرحلے تک پہنچنےکیلئے مذاکرات کرے گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان فائر بندی اور مغویوں کے تبادلے کا معاہدہ ہوگیا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس اور اسرائیل معاہدے کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں میں وقفہ آئے گا، معاہدے سے یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی مرحلہ وار رہائی عمل میں آئے گی۔
فائر بندی معاہدے پر اتوار سے عمل درآمد شروع ہونے کا امکان ہے، معاہدے کے نتیجے میں پہلے مرحلے میں حماس 33 یرغمالیوں کو رہا کرے گا۔