منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

طویل تاخیر کے بعد حماس نے 17، اسرائیل نے 39 قیدی رہا کر دیے

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ: طویل تاخیر کے بعد آخرکار قیدیوں کے تبادلے کے دوسرے روز حماس نے 17، جب کہ اسرائیل نے 39 قیدی رہا کر دیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ جنگ میں وقفے کے دوسرے روز بھی حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ہوا، ہفتے کے روز رات گئے حماس نے 13 اسرائیلی اور 4 تھائی شہریوں کو رہا کر دیا۔

اسرائیل نے بھی 33 بچوں اور 6 خواتین سمیت 39 فلسطینی قیدی رہا کیے، آج جنگ میں وقفے کے تیسرے روز بھی قیدیوں کا تبادلہ کیا جائے گا، اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ آج رہا ہونے والوں کی فہرست مل گئی ہے۔

- Advertisement -

حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے قیدیوں کی رہائی مؤخر کی، عرب میڈیا کے مطابق یرغمالیوں کی رہائی میں رکاوٹ قطر اور مصر کی کوششوں سے دور ہوئی۔ حماس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسرائیل رہائی کے لیے قیدیوں کے انتخاب میں مداخلت کر رہا ہے۔

وقفے کا پہلا دن: حماس نے 24 قیدی، اسرائیل نے 39 فلسطینی رہا کیے

ادھر مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 6 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جنین میں اسرائیلی فورسز نے بکتربند گاڑیوں کے ساتھ گھسنے کی کوشش کی اور اس دوران 4 فلسطینی شہید ہوئے، قلقیلیہ اور جنوبی علاقے البیرہ میں 2 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے۔

رام اللہ میں اسرائیلی فورسز کی رہائی کے منتظر لوگوں پر فائرنگ سے بھی 3 فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں، جب کہ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق غزہ میں سرکاری اسپتال اور ریڈ کریسنٹ ہیڈکوارٹرز اسرائیلی فوج کے محاصرے میں ہیں۔

غزہ میں عارضی جنگ بندی کے بعد زندگی لوٹ آئی ہے، بازاروں میں گہما گہمی دیکھی جا رہی ہے، اور لوگ روزمرہ کی اشیا خریدنے میں مصروف نظر آنے لگے ہیں، سڑکوں پر اسٹالز لگ گئے ہیں۔

جنگ میں وقفے کے تیسرے روز بھی امدادی سامان کے ٹرک غزہ میں داخل ہوئے، خوراک اور پانی سے لدے 61 ٹرک پہنچے، اقوام متحدہ کے مطابق مزید 200 ٹرک روانہ کیے گئے ہیں، دو روز کے دوران 300 سے زیادہ ٹرک غزہ میں داخل ہو چکے ہیں، جب کہ مریضوں کے انخلا کے لیے 11 ایمبولینسز، 3 کوچز اور ایک فلیٹ بیڈ الشفا اسپتال پہنچایا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں